Time 09 ستمبر ، 2024
کھیل

انگلش بیٹر نے ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ کا منفرد ریکارڈ بنا دیا

انگلش بیٹر نے ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ کا منفرد ریکارڈ بنا دیا
اولی پوپ نے جمعہ کو سری لنکا کے خلاف اوول کے میدان میں تیسرے ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کی—فوٹو: اے ایف پی

انگلش کرکٹ ٹیم کے کپتان اولی پوپ نے ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ تاریخ کا منفرد ریکارڈ بنا ڈالا۔

کرکٹ میں تو ویسے آئے دن ریکارڈز بنتے اور ٹوٹتے رہتے ہیں، کبھی کوئی تیز ترین سنچری بنا دیتا ہے تو کبھی کوئی سب سے زیادہ وکٹوں کا ریکارڈ اپنے نام کرتا ہے۔

لیکن کچھ ریکارڈز منفرد ہوتے ہیں جو شاید آج سے پہلے کبھی نہیں بنے ہوتے، ایک ایسا ہی منفرد ریکارڈ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان اولی پوپ نے بنایا ہے۔

اولی پوپ نے جمعہ کو سری لنکا کے خلاف اوول کے میدان میں تیسرے ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کی۔ 

اس سنچری کے بعد انگلش کپتان اولی پوپ ٹیسٹ کرکٹ کی 147 سالہ  تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کرکٹ کی پہلی 7 سنچریاں 7 مختلف ملکوں کے خلاف بنائی ہیں۔

اولی پوپ انگلینڈ کی جانب سے 47 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں، جس میں انہوں نے 7 سنچریوں کی مدد سے 2881 رنز اسکور کیے۔

اولی پوپ نے سری لنکا کے خلاف سنچری سے قبل جنوبی افریقا، نیوزی لینڈ، پاکستان، آئرلینڈ، بھارت اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک ،ایک سنچری اسکور کی تھی۔

واضح رہے کہ سری لنکا نے  میزبان انگلینڈ کو سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں  8 وکٹوں سے شکست دے دی جبکہ انگلش ٹیم نے سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

بین اسٹوکس کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے اولی پوپ نے سیریز میں کپتانی کی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔

مزید خبریں :