Time 11 ستمبر ، 2024
پاکستان

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے ڈیمز فنڈز کی رقم مانگ لی

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے ڈیمز فنڈز کی رقم مانگ لی
ہم نے ایک متفرق درخواست دائر کی ہے، ڈیمز فنڈز کے پیسے وفاق اور واپڈا کو دیے جائیں: ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان۔ فوٹو فائل

وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ سے ڈیمز فنڈ میں جمع ہونے والی رقم مانگ لی۔

دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈز سےمتعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 4 رکنی بینچ نے کی، بینچ میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس عرفان سعادت اور جسٹس شاہد بلال بھی شامل ہیں۔

دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان نے کہا کہ ہم نے ایک متفرق درخواست دائر کی ہے، ڈیمز فنڈز کے پیسے وفاق اور واپڈا کو دیے جائیں، سپریم کورٹ کی نگرانی میں اسٹیٹ بینک نے اکاؤنٹ کھولا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا ڈیمز فنڈز میں کتنے پیسے ہیں، جس پر وکیل واپڈا سعد رسول نے بتایا کہ تقریباً 20 ارب روپے ڈیمز فنڈز میں موجود ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پوچھا یہ کیس شروع کیسے ہوا؟ جس پر وکیل سعد رسول نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے واپڈا کے زیر سماعت مقدمات کے دوران 2018 میں ازخود نوٹس لیا تھا، سپریم کورٹ کے ڈیمز فنڈز عمل درآمد بینچ نے 17 سماعتیں کیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا واپڈا کے اور بھی کئی منصوبے ہوں گے، کیا سپریم کورٹ واپڈا کے ہر منصوبے کی نگرانی کرتی ہے؟

واپڈا کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈیمز کی تعمیر کے معاملے پر پرائیویٹ فریقین کے درمیان بھی تنازعات تھے، سپریم کورٹ نے پرائیویٹ فریقین کے تنازعات متعلقہ عدالتوں کی بجائے اپنے پاس سماعت کے لیے مقرر کیے، ہماری استدعا ہے پرائیویٹ فریقین کے تنازعات متعلقہ عدالتی فورمز پر ہی چلائے جانے چاہیں۔

سپریم کورٹ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز فنڈز کیس کی سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ یہ مناسب ہے سابقہ اٹارنی جنرل خالد جاوید اور انور منصور کو معاونت کےلیےطلب کیا جائے،  ڈیمز فنڈز کیس کے عدالتی معاون مخدوم علی بھی معاونت کےلیے آئندہ سماعت پر پیش ہوں۔

عدالتی حکمنامے میں چیف جسٹس نے لکھا کہ ڈیمز فنڈز کی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں رکھنی ہے یا نہیں؟ کیس میں طے کریں گے، عمل درآمد بینچ کا اختیار آئین میں کہاں لکھا ہوا ہے؟ سپریم کورٹ کو اپنے حکم پر عملدرآمد کرانے کا اختیار نہیں ہے۔

جسٹس عرفان سعادت کا کہنا  تھا پہلے کیس 5 رکنی بینچ سن چکا ہے، ہمارا بنچ چار رکنی ہے، جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی نے 4 رکنی بینچ کے سامنے کیس مقرر کرنے کی منظوری دی تھی، ہم نظرثانی نہیں کر رہے، اگر ضروری سمجھا تو 5 رکنی بینچ بھی بنا سکتے ہیں۔

مزید خبریں :