11 ستمبر ، 2024
بھارت میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کرکے 70 سالہ شخص کے پتے سے حیران کن طور پر 6 ہزار سے زائد چھوٹے پتھر نکال دیے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق راجستھان کے شہر کوٹا میں 70 سالہ مریض کو کئی عرصے سے پیٹ میں درد کی شکایت تھی، اکثر معمولی دوا کے بعد یہ تکلیف کم ہوجاتی تھی۔
گزشتہ ہفتے 70 سالہ بزرگ کی تکلیف میں شدت آئی تو انہوں نے بڑے اسپتال میں چیک اپ کروانے کا فیصلہ کیا۔
تاہم الٹرا ساؤنڈ سے ڈاکٹروں کو معلوم ہوا کہ مریض کے پتے میں کئی پتھر موجود ہیں اور اس وجہ سے ان کے پتے کا سائز دوگنا ہوگیا جس کے بعد ڈاکٹروں نے فوراً سرجری کرنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ڈاکٹروں نے جب آپریشن کیا تو حیران کن طور پر مریض کے پتے سے 6 ہزار سے زائد پتھر نکلے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ یہ حیران کن ہے، پتے میں اتنی تعداد میں پتھر مریض کو شدید نقصان پہنچا سکتے تھے یہاں تک کہ مریض کینسر کا شکار بھی ہو سکتا تھا۔
ڈاکٹروں کے مطابق آپریشن میں صرف 30 منٹ لگے لیکن اسپتال کے عملے کو پتھر گننے میں کم از کم ڈھائی گھنٹے کا وقت لگا۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے بعد مریض کو اگلے دن ڈسچارج کر دیا گیا تھا اور وہ اب مکمل طور پر صحت مند ہیں۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے حیران کن کیس کی کئی وجوہات ہیں جن میں جینیات بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ فاسٹ فوڈ، وزن میں کمی بھی وجہ ہوسکتی ہے۔