Time 11 ستمبر ، 2024
کاروبار

کراچی میں کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات، کے الیکٹرک پر بھاری جرمانہ عائد

کراچی میں کرنٹ لگنے سے شہریوں کی اموات، کے الیکٹرک پر بھاری جرمانہ عائد
نیپرا کے مطابق کےالیکٹرک کے زیرانتظام علاقوں میں سال 23-2022 میں33 شہریوں کی اموات ہوئی تھیں، فوٹو: فائل

اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے زیر انتظام علاقوں میں کرنٹ لگنے سے 33 شہریوں کی اموات پر  کمپنی پر جرمانہ عائد کر دیا۔

نیپرا کی جانب سے جاری حکم نامے میں کے الیکٹرک  پر  ایک کروڑ  روپےکا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

 نیپرا نے جاری شوکاز میں کے الیکٹرک کا جواب مسترد کردیا ہے اور حکم دیا ہے کہ کے الیکٹرک 15 روز میں جرمانے کی رقم نیپرا کے نامزد کردہ بینک میں جمع کرائے۔

 نیپرا نے متاثرہ خاندان کو 35 لاکھ روپے معاوضہ ادا کرنے اور  متاثرہ خاندان کے  ورثاء کو ملازمت دینے کی بھی ہدایت کی ہے۔

نیپرا کے مطابق اگست 2023 میں کے الیکٹرک کو شوکاز جاری کیا تھا، کےالیکٹرک شوکاز کے جواب پر نیپرا کو مطمئن نہیں کر سکی۔

نیپرا کے مطابق کےالیکٹرک کے زیرانتظام علاقوں میں سال 23-2022 میں33 شہریوں کی اموات ہوئی تھیں، کے الیکٹرک نیپرا قوانین  پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہا۔

اس حوالے سے ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ نیپرا کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کراچی میں جولائی 2022 سے جون 2023 کے درمیان بجلی کے کرنٹ لگنے کے 33 واقعات رونما ہوئے جس میں سے 32 واقعات میں کے الیکٹرک کی جانب سے کوئی غفلت نہیں پائی گئی، ایک کیس میں غیر تسلی بخش جواب پر یوٹیلیٹی کو جرمانہ کیا گیا ہے، فیصلے کا بغور جائزہ کے بعد آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔