Time 11 ستمبر ، 2024
دنیا

ایرانی صدر پہلے غیر ملکی دورے پر عراق پہنچ گئے

ایرانی صدر پہلے غیر ملکی دورے پر عراق پہنچ گئے
عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی نے بغداد ہوائی اڈے میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا پرتپاک استقبال کیا۔—فوٹو: رائٹرز 

ایران کے صدر مسعود پزشکیان پڑوسی ملک عراق کے 3  روزہ دورے پر دارالحکومت بغداد پہنچ گئے، منصب صدارت سنبھالنے کے بعد ان کا یہ پہلا غیر ملکی دورہ ہے۔

عراقی وزیر اعظم محمد شیاع السوڈانی نے بغداد ہوائی اڈے میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا پرتپاک استقبال کیا۔ 

ایرانی صدر نے بغداد ہوائی اڈے سے مقتول ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی اور ان کے ساتھی ابو مہدی المہندس کے مزارات پر حاضری دی۔ 

عراقی وزیر اعظم آفس کے مطابق وزیراعظم السوڈانی نے ایرانی صدر اور ان کے ہمراہ پہنچنے والے وفد کے ساتھ جامع مذاکرات کیے جس کے بعد صدر پزشکیان اور السوڈانی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے 14 معاہدوں پر دستخطی تقریب میں شرکت کی۔ 

معاہدے ٹیکس تعاون، زراعت، قدرتی وسائل، اطلاعات، سماجی تحفظ، یوتھ اور اسپورٹس، تعلیم، سیاحت، ثقافت، تاریخی نوادرات کی پیشہ وارانہ تعلیم اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون کے سمجھوتوں پر مشتمل ہیں۔ 

مسعود پزشکیان عراق کے صدر ، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور بعض سیاسی سربراہان کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے جبکہ تین روزہ دورے کے دوران نجف، کربلا، بصرہ اور اربیل کا بھی دورہ کریں گے۔

مزید خبریں :