12 ستمبر ، 2024
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ 2 کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔
توشہ خانہ 2 کیس میں اسپیشل جج سینٹرل امجد اقبال رانجھا کی درخواست پران کی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپیشل جج سینٹرل امجد اقبال رانجھا نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ذاتی وجوہات پر بطوراسپیشل جج سینٹرل خدمات جاری نہیں رکھ سکتا۔
ذرائع کے مطابق خط میں اسپیشل جج سینٹرل امجدا قبال رانجھا نے کہا تھا کہ لاہور ہائیکورٹ کو میری خدمات واپس کی جائیں۔
تاہم امجد اقبال رانجھا کی درخواست پران کی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جج امجد اقبال رانجھا کی درخواست پر ان کی جگہ سیشن جج شاہ رخ ارجمند کی نامزدگی بھی کر دی گئی۔
یاد رہے کہ توشہ خانہ 2 کیس اسپیشل جج سینٹرل امجد رانجھا کی عدالت منتقل کیا گیا تھا۔