Time 13 ستمبر ، 2024
پاکستان

عمران خان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ، ایف آئی اے نے تحقیقات شروع کردی

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے دھمکی آمیز پوسٹ پر تحقیقات شروع کردی۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ اسلام آباد کے سینیئر افسران کی سربراہی میں 4 رکنی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ سائبرکرائم وِنگ ٹیم بانی پی ٹی آئی سے تحقیقات کرنے کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی لیکن بانی پی ٹی آئی نے تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے سے انکار کردیا اور کہا کہ وکلا کی موجودگی میں تفتیش میں شامل ہوں گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چار رکنی ٹیم اڈیالہ جیل میں سوا گھنٹے سے زائد موجود رہی اور انکار کے بعد واپس چلی گئی۔

اس معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کی دھمکی آمیزپوسٹ کے معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پوسٹ جاری کی، بانی پی ٹی آئی نے پاکستان کی سالمیت کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد لگایا۔

ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی نے فوج اور عدلیہ کے اداروں کو ٹارگٹ کیا، ایف آئی اے کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ چکی اور ان سے پوچھا جائے گا کہ اکاؤنٹ کہاں سے چل رہا ہے اور کون چلا رہا ہے؟

دوسری جانب حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف بغاوت پراکسانے کے الزام میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مقدمہ نمبر 1138/24 مورخہ 13 ستمبر 2024 کو درج کیا گیا۔ خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

مزید خبریں :