Time 14 ستمبر ، 2024
پاکستان

وزیراعظم کا آئینی ترامیم پر ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ

وزیراعظم کا آئینی ترامیم پر ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ
وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام 7 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کرلیا ہے: ذرائع۔ فوٹو فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے آئینی ترامیم پر مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج شام 7 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں وزیراعظم آئینی اصلاحات کے بارے میں پارلیمانی پارٹی کو اعتماد میں لیں گے اور اجلاس کے بعد ارکان کو عشائیہ بھی دیا جائےگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اجلاس میں پارٹی کے پارلیمانی رہنماؤں کی جانب سے ہونے والے سوالات کے جواب دیں گے اور انہیں آئینی ترمیم پر اعتماد میں لیں گے۔

دوسری جانب اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ کے ججز کی عمر میں توسیع کے حوالے سے اہم آئینی ترمیم آج پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی اور اس حوالے سے گزشتہ روز وزیر دفاع خواجہ آصف بھی تصدیق کر چکے ہیں جبکہ وزیراعظم کے مشیر برائے قانونی امور بیرسٹر عقیل نے دعویٰ کیا ہے کہ آئینی ترمیم کے لیے حکومت کو ممبران کی مطلوبہ حمایت حاصل ہو گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت ہمارے اراکین کے ساتھ زور زبردستی کر کے اور انہیں دباؤ میں لا کر ہی آئینی ترمیم منظور کروا سکتی ہے۔

مزید خبریں :