15 ستمبر ، 2024
پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم ساف چیمپئن شپ روانگی کیلئے این او سی کی منتظر ہے۔
پاکستان انڈر 17 فٹبال ٹیم کی ساف انڈر 17 چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے این او سی کا معاملہ تاحال زیر غور ہے۔
تاہم پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کل تک این او سی کے اجرا کی امید رکھتی ہے، چیمپئن شپ کا آغاز 20 ستمبر سے ہونا ہے اور ٹیم کو کل روانہ ہونا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے پی ایف ایف کو این او سی پراسس کے حوالے سے مثبت پیغام دیا ہے، پی ایس بی نے پی ایف ایف کی درخواست وزارت بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کو بھجوا دی ہے تاکہ این او سی جاری کرنے کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
پی ایس بی نے پہلے اعتراضات کی بنیاد پر پی ایف ایف کی درخواست واپس کر دی تھی، تاہم بعد میں پی ایف ایف کا مؤقف تسلیم کرتے ہوئے پراسس دوبارہ شروع کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایف ایف نے وقت کی کمی کی وجہ سے دوبارہ درخواست دینے سے معذوری ظاہر کی تھی، پی ایس بی نے پی ایف ایف کو یہ پیغام دیا ہے کہ آئندہ کسی بھی دستاویز کو چیئرمین کے دستخط کے بغیر پراسس نہیں کیا جائے گا۔
این او سی میں تاخیر کے باوجود پی ایف ایف ٹیم روانگی کے لیے پرعزم ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ تمام ضروری کاغذی کارروائیاں بروقت مکمل ہو جائیں گی۔