Time 16 ستمبر ، 2024
دنیا

گالف کھیلتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب فائرنگ

گالف کھیلتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کے قریب فائرنگ
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پر فائرنگ فلوریڈ میں ویسٹ پام بیچ کے گالف کلب کے قریب ہوئی— فوٹو: امریکی میڈیا/ فائل

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گالف کلب کے قریب فائرنگ کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

غیر ملکی خبرساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ فائرنگ سے محفوظ رہے۔

امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ پر فائرنگ فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ میں واقع ٹرمپ گالف کلب کے قریب ہوئی،سابق صدر اس وقت گالف کھیل رہے تھے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ویسٹ پام بیچ کےگالف کلب کےنزدیک دو افراد کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ہے، دونوں افراد ایک دوسرے پر فائرنگ کر رہے تھے، فائرنگ کا نشانہ ٹرمپ نہیں تھے۔

امریکی میڈیا نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں اور اس وقت واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں۔

ٹرمپ کے صاحبزادے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر نے ایکس پر جاری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بتایا ہےکہ  جھاڑیوں میں ایک اےکے 47 گن ملی ہے۔مبینہ طور پر ایک مشتبہ شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر  جولائی میں انتخابی ریلی کے دوران فائرنگ ہوئی تھی جس سے وہ زخمی ہوئے تھے جبکہ فائرنگ سے ریلی میں شریک ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ پنسلوینیا کے علاقے بٹلر میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کے لیے اسٹیج پر موجود تھے۔گولی بظاہر ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔

فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں کی کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا تھا۔


مزید خبریں :