16 ستمبر ، 2024
بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں ایک خاتون نے اپنی شادی کے تقریباً ایک ماہ بعد ہی طلاق کا مطالبہ کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی نویلی دلہن نے شوہر کی طرف سے حفظانِ صحت کے مسئلے کی وجہ سے طلاق مانگی کیونکہ اس کا شوہر صفائی ستھرائی کا خیال نہیں کرتا اور وہ روز نہیں نہاتا۔
خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ یہ شخص جس کا نام راجیش ہے، مہینے میں صرف ایک یا دو بار نہاتا ہے جس سے اس کے جسم سے بدبو آتی ہے جسے اس کی بیوی برداشت نہیں کر سکتی تھی، شادی کے 40 دن بعد خاتون نے شادی سے چھٹکارا حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
راجیش ہفتے میں ایک بار گنگا (گنگاجل) کا پانی خود پر چھڑکتا ہے جسے مقدس سمجھا جاتا ہے تاہم شادی کے بعد اس نے اپنی بیوی کے اصرار پر 40 دنوں میں 6 بار غسل کیا۔
خاتون نے طلاق کی درخواست دینے کے بعد اپنے والدین کے گھر جانے کا فیصلہ کیا البتہ والدین کی جانب سے بھی جہیز کا سامان واپس لینے کے لیے پولیس میں رپورٹ درج کرائی گئی ہے۔