16 ستمبر ، 2024
افریقی ملک بوٹسوانا میں ایک ماہ کے دوران دوسرا بہت بڑا ہیرا دریافت کیا گیا ہے۔
شمال مشرقی بوٹسوانا میں واقع Karowe نامی کان سے 1094 قیراط کا ہیرا نکالا گیا۔
یہ لگ بھگ دنیا کے تیسرے بڑے ہیرے جتنا بڑا ہے جو 1098 قیراط کا ہے۔
اس سے قبل بوٹسوانا کی اسی کان سے 2492 قیراط کا ہیرا اگست 2024 میں نکالا گیا تھا جسے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ہیرا قرار دیا گیا۔
دنیا کا سب سے بڑا ہیرا 1905 میں جنوبی افریقا کی ایک کان سے دریافت کیا گیا تھا جو 3016 قیراط کا تھا جسے کولینن ڈائمنڈ کا نام دیا گیا۔
کولینن ڈائمنڈ اب برطانوی شاہی خاندان کی ملکیت میں ہے۔
بوٹسوانا کی یہ کان بڑے ہیروں کے لیے مشہور ہے جس کی ملکیت ایک کان کن کمپنی Lucara ڈائمنڈ کارپوریشن کے پاس ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ولیم لیمب نے بتایا کہ نئے ہیرے کی دریافت سے زیرزمین کان کو توسیع دینے کا عمل درست ثابت ہوتا ہے۔
نئے دریافت ہونے والی ہیرے کی قیمت کے بارے میں تو ابھی کچھ نہیں بتایا گیا مگر گزشتہ سال اسی کمپنی نے اس سے کچھ چھوٹا ہیرا دریافت کیا تھا جو پالش ہونے کے بعد ایک کروڑ 30 لاکھ ڈالرز سے زائد میں فروخت ہوا۔