Time 16 ستمبر ، 2024
دنیا

جاپان میں بوڑھے افراد کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

جاپان میں بوڑھے افراد کی تعداد بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
جاپان ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں بوڑھے لوگوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے— فوٹو: اے ایف پی

جاپان میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق تازہ ترین حکومتی اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں 65 سال یا اس سے زائد عمر کے شہریوں کی تعداد ریکارڈ 3 کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار ہوچکی ہے۔

جاپان ان ممالک میں سرفہرست ہے جہاں بوڑھے لوگوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت جاپان کی کل آبادی کا 29.3 فیصد حصہ 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر مشتمل ہے جو اب تک کی بلند ترین شرح ہے۔

جاپانی حکومت کے مطابق جاپان میں بوڑھے افراد کی شرح ایک لاکھ یا اس سے زائد کی آبادی رکھے والے دنیا کے 200 ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔

اٹلی، پرتگال، یونان، فن لینڈ، جرمنی اور کروشیا کی کل آبادی کا 20 فیصد سے زائد حصہ 65 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر مشتمل ہے، جنوبی کوریا میں یہ شرح 19.3 فیصد جبکہ چین میں 14.7 فیصد ہے۔

جاپان کو آبادی کے مسلسل بگڑتے ہوئے بحران کا سامنا ہے، کیونکہ بوڑھے افراد کی بڑھتی تعداد طبی اور فلاحی اخراجات میں اضافے کا باعث بن رہی ہے جبکہ ان اخراجات کے انتظام کے لیے افرادی قوت میں کمی آرہی ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق جاپان میں 2023 تک 91 لاکھ سے زائد معمر افراد ملازمت پیشہ تھے جو کہ کل افراد قوت کا 13.5 فیصد تھے۔

مزید خبریں :