16 ستمبر ، 2024
پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں چین کے ہاتھوں شکست پر کہا ہےکہ ہمارا اسٹارٹ اچھا نہیں تھا کیونکہ غضنفر کے والد کے انتقال کا پوری ٹیم پر اثر پڑا۔
ایک بیان میں طاہر زمان کا کہنا تھا کہ غضنفر علی والد کے انتقال کے باوجود میچ کھیلے، غضنفر نے خود میچ کھیلنےکی درخواست کی تھی۔ اس کے علاوہ ہمارا اہم کھلاڑی ابوبکر انجرڈ تھا اور اگر غضنفر نہ کھیلتا تو ہمارے 2 کھلاڑی باہر ہوجاتے۔
طاہر زمان کا کہنا تھا کہ شوٹ آؤٹ پر ہم بدقسمت رہے اور یہ ایسا ایریا ہے جہاں ہمیں زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے، چین کے شاٹس آن ٹارگٹ صرف 4 ہیں جب کہ ہمارے 15 کے قریب تھے۔
ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے یقین ہےکہ ہماری ٹیم اچھا کھیلی، مگر رزلٹ ہمارے حق میں نہیں آیا، کوریا کے خلاف تیسری پوزیشن کے میچ کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں میزبان چین نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے کرکے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
واضح رہے کہ چین نے دوسری بار پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست سے دو چار کیا ہے، اس سے قبل 2006 کے ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں بھی چین نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
واضح رہےکہ چین ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہلی بار پہنچا ہے۔