پاکستان

فریئرہال سے پینٹنگز غائب ہونے کا معاملہ، صوبائی وزیر ثقافت نے انکوائری کمیٹی بنادی

سندھ کے وزیر ثقافت ذوالفقار شاہ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام فریئر ہال سے پینٹنگز چوری کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا کر 7 دن میں رپورٹ طلب کرلی۔

محکمہ ثقافت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ثقافت منور مہیسر اور ڈائریکٹر جنرل اینٹیکیوٹیز عبدالفتح شیخ پر مشتمل کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کراچی کے فریئر ہال سے پینٹنگز چوری ہونے کے معاملے کی تحقیقات کرے گی۔

وزیر ثقافت نے ہدایت دی کہ کمیٹی معاملے کی تحقیقات کرکے 7 روز میں تفصیلی رپورٹ صوبائی وزیر کو پیش کرے۔

دوسری جانب آرٹسٹ سیفی سومرو کی پینٹنگز چوری کے واقعے کی درخواست فریئر پولیس اسٹیشن میں درخواست جمع کرادی گئی۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 2017 میں سیفی سومرو کی پینٹنگز کی نمائش فریئرہال میں ہوئی تھی، سیفی کی پینٹنگز واپس کرنےکے بجائے بتایا گیا پینٹنگز چوری ہوگئی ہیں۔

درخواست کے متن کے مطابق پینٹنگز ٹی وی ڈرامے میں نظرآئی ہیں لہٰذا پینٹنگز چوری سے متعلق تحقیقات کرائی جائیں۔

خیال رہے کہ 2017 میں لگی نمائش کے بعد سیفی سومرو کو پینٹنگز واپس کرنے کے بجائے بتایا گیا تھا کہ پینٹنگز چوری ہوگئی ہیں۔ فریئر ہال میں لگی پینٹنگ کو آرٹسٹ سیفی سومرو نے ایک ٹی وی ڈرامے میں دیکھ کر پہچان لیا تھا۔

مزید خبریں :