Time 17 ستمبر ، 2024
کھیل

پی ایچ ایف کا برانز میڈل جیتنے پر ہاکی ٹیم کے پلیئرز کیلئے فی کس 100 ڈالر انعام کا اعلان

پی ایچ ایف کا برانز میڈل جیتنے پر ہاکی ٹیم کے پلیئرز کیلئے فی کس 100 ڈالر انعام کا اعلان
پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے برانز میڈل جیتا—فوٹو:  ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی

پاکستان ہاکی فیڈریشن( پی ایچ ایف) کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے ایشین چیمپئنز ٹرافی میں بہترین کاکردگی کیساتھ تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشل کے لیے فی کس 100 ڈالرز کیش پرائز کا اعلان کیا ہے۔ 

منگل کو ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرتے ہوئے برانز میڈل جیتا۔

موکی میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان میچ کھیلا گیا جس میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو 2کے مقابلے میں 5گول سے ہرادیا۔

 چیمپئنز ٹرافی میں شاندار کارکردگی دکھانے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے قومی ٹیم کو سراہا اور ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشل کے لیے 100، 100 ڈالر کیش پرائز کا اعلان کیا جبکہ ایونٹ کے دوران انجری ہونے پر قومی کھلاڑی ابوبکر محمود کیلئے پی ایچ ایف کی جانب سے تمام سہولتوں کے ساتھ علاج کرانے کا بھی اعلان کیا۔ 

انہوں نے کھلاڑیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ٹیم کے کھلاڑی غضنفر علی کے والد دو دن قبل رضائے الٰہی سے انتقال کرگئے تھے، غضنفر علی نے پاکستان کی خاطر ٹیم کے ساتھ کھیلنے کا فیصلہ کیا، تمام کھلاڑیوں نے بشمول ہمارے ہیرو آف دے میچ محمد سفیان خان نے اپنا میڈل اور جیت غضنفر علی کے نام کی۔ 

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو قابل دید بھی ہے،  ہم سب مل کر اسی جذبے کیساتھ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود اور مستقبل میں بہترین انداز میں ملک و قوم کا نام اونچا کرنے کا عزم کرتے ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔

مزید خبریں :