18 ستمبر ، 2024
شوبز کی معروف جوڑی اداکار آریز احمد اور حبا بخاری نے اپنے ہاں پہلے بچے کی متوقع آمد کی خبروں پر لب کشائی کردی۔
اداکار جوڑے نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر وی لاگ شیئر کیا جس کا کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہے۔
ویڈیو میں آریز اور حبا نے ایسی خبروں کو محض لائیکس اور ویوز حاصل کرنے کا سستا طریقہ قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی تصاویر اور باتوں کو سیاق و سباق سے ہٹ کر صرف چند ویوز اور لائیکس کے لیے پیش کیا جاتا ہے، اس بات سے قطع نظر کے جس کے بارے میں بات کی جا رہی ہے اس سے ان پر اور ان کے اہلخانہ پر کیا اثرات مرتب ہوں گے۔
آریز احمد کے مطابق اگر یوٹیوب کی تمام خبروں پر یقین کیا جائے تو ہمارے 6 سے 7 بچے پہلے ہی موجود ہیں جب کہ حبا بخاری کا کہنا تھا کہ ایسی گردشی خبروں کی کئی بار تردید کرنے کے باوجود بھی لوگ ایسی بے بنیاد باتیں کررہے ہیں جس کے سبب خوف آتا ہے کہ کب کس کا ردعمل کس طرح سامنے آئے گا۔
اداکارہ نے عوام کی اخلاقیات پر سوال اُٹھاتے ہوئے مزید کہا کہ وہ کسی کے ساتھ ایسا کیوں کرتے ہیں، یہ افواہیں تکلیف دہ ہیں اور ان کو پھیلانے والوں کو سوچنا چاہیے کہ ہم حقیقی لوگ ہیں جو ان خبروں اور بیانات سے متاثر ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ روز قبل میزبان و اداکارہ نادیہ خان نے اپنے پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ حبا اور آریز کے ہاں بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
بعدازاں نادیہ خان نے اس حوالے سے مزید وضاحت پیش کی تھی کہ انہیں آریز احمد نے خود ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران بتایا تھا کہ اہلیہ امید سے ہیں اور بہت جلد ان کے ہاں پہلے بچے کی آمد متوقع ہے، انہیں یہ نہیں معلوم تھا کہ آریز احمد اس بات کو اپنے مداحوں سے خفیہ رکھ رہے ہیں۔
اس کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے نادیہ خان کو اس طرح کسی کی رازداری کی بات آشکار کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔