Time 18 ستمبر ، 2024
دنیا

لبنان میں حزب اللہ کے زیر استعمال واکی ٹاکی سیٹس میں دھماکے، 14 افراد جاں بحق، 450 سے زائد زخمی

لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک بار پھر دھماکے سنے گئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج ہونے والے دھماکے حزب اللہ کے زیر استعمال واکی ٹاکی سیٹس میں ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق دھماکے گزشتہ روز پیجر دھماکوں میں جاں بحق افراد کے جنازوں کے دوران ہوئے۔

رپورٹس کے مطابق کئی گھروں میں بھی دھماکوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں اور  دھماکوں کے نتیجے میں گھروں اور گاڑیوں میں آگ لگ گئی ہے۔

لبنان میں حزب اللہ کے زیر استعمال واکی ٹاکی سیٹس میں دھماکے، 14 افراد جاں بحق، 450 سے زائد زخمی
آج ہونے والے دھماکے حزب اللہ کے زیر استعمال واکی ٹاکی سیٹس میں ہوئے— فوٹو: ایکس/@trbrtc

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے دھماکوں میں 14 افراد کے جاں بحق اور 450 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لبنان میں ہونے والے پیجرز دھماکوں میں لبنانی وزیر کے بیٹے سمیت 11 افراد جاں بحق اور 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔

پیجر دھماکے میں ایرانی سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے تھے جن کے حوالے سے امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے میں ایرانی سفیر ایک آنکھ سے محروم ہو گئے ہیں جبکہ ان کی دوسری آنکھ بھی شدید متاثرہ ہوئی ہے تاہم ایرانی حکام نے اس قسم کی تمام اطلاعات کی تردید کی ہے۔

امریکی اخبار کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیجرز دھماکوں میں سیکڑوں افراد کی آنکھیں شدید متاثر ہوئیں۔

مزید خبریں :