Time 18 ستمبر ، 2024
کھیل

آصف علی چیمپئنز کپ میں پرفارم کر کے قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کے خواہشمند

آصف علی چیمپئنز کپ میں پرفارم کر کے قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کے خواہشمند
آصف علی چیمپئنز کپ میں پرفارم کر کے قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کے خواہشمند ہیں—فوٹو: رپورٹر

پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر آصف علی نے قومی ٹیم میں واپسی کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے چیمپئنز کپ میں بہترین کارکردگی دکھا کر کم بیک کرنے کا عزم کیا ہے۔

آصف علی فیصل آباد میں جاری چیمپئنز کپ میں ڈولفنز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے بدھ کو مارخورز کے خلاف 50 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی ٹیم یہ میچ 92 رنز سے ہار گئی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ وہ چیمپئنز کپ  میں اچھا پرفارم کرنے کی مکمل تیاری کے ساتھ یہ سوچ کر آئے ہیں کہ یہاں اچھا پرفارم کریں اور دوبارہ قومی ٹیم میں جگہ بنائیں۔

آصف علی نے اپنی بیٹنگ پوزیشن پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے زیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2018 میں ڈیبیو سے پہلے چوتھے نمبر پر ہی اچھی کارکردگی دکھا کر آیا تھا، جب نمبر 4 سے نمبر 6 پر جاتے ہیں تو بہت کچھ تبدیل کرنا پڑتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں ہر کھلاڑی کو اپنے مخصوص بیٹنگ نمبر کے مطابق ٹریننگ کرنا ہوتی ہے اور جب ڈومیسٹک میں اوپر کے نمبر پر کھیلنے کے بعد انٹرنیشنل میں نیچے کے نمبر پر کھیلتے ہیں تو چیلنجز سامنے آتے ہیں۔

آصف علی نے کہا کہ چیمپئنز کپ میں پلیئرز کو اس پوزیشن پر ہی کھلایا جا رہا جہاں انٹرنیشنل میں ان سے کھیلنا درکار ہوسکتا ہے۔

چیمپئنز کپ میں مارخورز  کے میچ میں نصف سنچری پر گفتگو کرتے ہوئے آصف علی نے کہا کہ اس وقت سب کی نظریں پاکستان ٹیم کی سلیکشن پر ہیں۔ انہوں نے اپنی حالیہ پرفارمنس پر اللہ کا شکر ادا کیا لیکن انہوں نے کہا کہ اگر میچ بھی جیت جاتے تو زیادہ خوشی ہوتی۔ 

آصف نے مزید کہا کہ بعد میں بیٹنگ کے دوران وکٹ بولرز کو سپورٹ کرتی ہے اور بال بریک کرتا ہے ۔

مزید خبریں :