Time 18 ستمبر ، 2024
دنیا

ہمارے پاس بہت صلاحیتیں ہیں جو فعال نہیں کیں: لبنان پیجر دھماکوں کے بعد اسرائیلی فوج کا بیان

ہمارے پاس بہت صلاحیتیں ہیں جو فعال نہیں کیں: لبنان پیجر دھماکوں کے بعد اسرائیلی فوج کا بیان
( بائیں جانب) اسرائیلی آرمی چفی ناردرن کمانڈ کے سربراہ  سے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کر رہے ہیں۔  فوٹو: اسرائیلی میڈیا

لبنان میں پیجر اور رابطوں کی ڈیوائسز میں دھماکوں کے بعد اسرائیلی فوج کا پہلا بیان سامنے آگیا ہے۔

گزشتہ روز مبینہ طور پر اسرائیل کی جانب سے لبنان میں حزب اللہ کے خلاف حملوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال سامنے آیا جس میں لبنان کے مختلف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے۔

رابطوں کے لیے استعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سےحزب اللہ کے کئی اراکین زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق ان پیجرز دھماکوں میں لبنانی وزیر کے بیٹے سمیت 11 افراد جاں بحق اور 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔جس کے بعد آج بدھ کو پھر لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک بار پھر دھماکے سنے گئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق آج ہونے والے دھماکے حزب اللہ کے زیر استعمال واکی ٹاکی سیٹس میں ہوئے۔ دھماکے گزشتہ روز پیجر دھماکوں میں جاں بحق افراد کے جنازوں کے دوران ہوئے۔

لبنان کے سرکاری میڈیا نے دھماکوں میں 9 افراد کے جاں بحق 300 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

گزشتہ روز حزب اللہ نے لبنان میں ہوئے پیجر دھماکوں کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرا یا تھا لیکن اسرائیل یا اس کی فوج کی جانب سے ان دھماکوں پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تھا۔

تاہم لبنان میں پیجر اور رابطوں کی ڈیوائسز میں دھماکوں کے بعد آج اسرائیلی فوج کا پہلا بیان سامنے آگیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف کا کہناہے کہ ہمارے پاس بہت صلاحیتیں ہیں،جو ہم نےابھی فعال نہیں کیں، ہمارا پلان مرحلہ وار ہے اور ہر مرحلے پر حزب اللہ بڑی قیمت چکائے گی۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ناردرن کمانڈ کے دورے کے دوران چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ہیرزی حلوی نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے  پاس بہت سی مزید صلاحیتیں ہیں جو ابھی تک ہم نے حزب اللہ کے خلاف لڑائی میں استعمال نہیں کیں۔

مزید خبریں :