18 ستمبر ، 2024
پاکستان میں رواں سال کا 18واں پولیوکیس کوئٹہ میں رپورٹ ہوا ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے مطابق یہ کوئٹہ سے رواں سال کا دوسرا اور بلوچستان سے 13واں پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے۔
وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے پولیو کیس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
عائشہ رضا فاروق کا کہنا ہےکہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں پولیو مہم میں خلل نے وائرس کے پھیلاؤ کو موقع دیا، پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنی کوششوں کو دُگنا کر رہے ہیں، پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں ہر بچے تک پہنچانا بے حد ضروری ہے۔
عائشہ رضا فاروق نے مزید کہا کہ بچوں کو پولیو جیسے موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، والدین سے اپیل ہےکہ وہ 5 سال تک کے بچوں کی ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں۔