18 فروری ، 2013
اسلام آباد…وزارت پانی و بجلی نے سبسڈی کا بوجھ کم کرنے کے لیے بجلی کے نرخوں میں اوسطاً فی یونٹ ایک روپے41پیسے تک اضافے کی تجویز دے دی ہے۔ حکام نے انرجی سیکورٹی کو قومی سلامتی کے طور پر لینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ بصورت دیگر صوت حال گھمبیر ہو سکتی ہے، توانائی بحران پر بنائی گئی قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کے حکام کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال اب تک بجلی کی سبسڈی پر 190ارب روپے خرچ کیے جاچکے ہیں۔ کمیٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے بجلی پر دی جانیوالی سبسڈی کو ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے قومی بجٹ کو متاثر کر رہی ہے۔ وزارت پانی و بجلی نے تجویز دی کہ بجلی کی فی یونٹ موجودہ قیمت اوسطاً 8روپے 80پیسے ہے اسے بڑھا کر 10روپے 21پیسے کر دی جائے تو سبسڈی کا حجم سالانہ 215 ارب روپے کم ہو کر 114ارب روپے کی سطح پر آسکتا ہے ۔