20 ستمبر ، 2024
بنگلادیش کے سابق کپتان شکیب الحسن بھارت کے خلاف چنئی میں جاری ٹیسٹ میچ میں ایک بار پھر سب کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
چنئی میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ جاری ہے، جہاں دوسرے روز بنگلادیش کی بیٹنگ کے دوران شکیب الحسن کی منفرد حرکت کیمرے نے قید کرلی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
ہوا کچھ یوں کہ جب شکیب بھارت کے خلاف بیٹنگ کرنے آئے تو اس وقت انہوں نے اچانک سے بظاہر اپنے سر پر پہنے ہوئے ہیلمٹ کی اسٹرپ(پٹی) کو اپنے منہ میں رکھ کر چبانا شروع کر دیا۔
یہ منظر دیکھ کر کمنٹیٹر بھی حیران ہوئے اور پھر جب یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو فینز کے ذہنوں میں بھی کئی سوالات کھڑے ہوئے کہ شکیب بیٹنگ کرتے ہوئے یہ پٹی کیوں چبا رہے ہیں؟
شیکب کی اس عادت کے راز سے سابق بھارتی کرکٹر اور کمنٹیٹر دنیش کارتک نے پردہ اٹھایا۔
بھارتی میڈیاکے مطابق دنیش کارتک نے کہا کہ شکیب کی اس منفرد عادت کے بارے میں مجھے شکیب کے ساتھی کرکٹر تمیم اقبال نے بتایا تھا۔
دنیش کارتک نے بتایا کہ شکیب ہیلمٹ کی پٹی اس لیے جبا تے ہیں تاکہ بولنگ کا سامنا کرتے ہوئے ان کا سر بائیں جانب نہ مڑے اور ان کا ہیلمٹ بالکل سیدھا رہے۔
یہاں یہ بات واضح کی جاتی ہے کہ شکیب الحسن کو رواں سال اپنی بینائی کے مسائل کی وجہ سے لندن میں ماہر امراض چشم سے بھی مشورہ لینا پڑا تھا۔
اس سے قبل شکیب کو گلوبل ٹی 20 کینیڈا میں بیٹنگ کے دوران اپنی جرسی جباتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ چنئی ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں بھارت کے 376 رنز کے جواب میں بنگلادیش کی ٹیم صرف 149 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔