Time 20 ستمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

امریکا: مائیکروسافٹ کے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کیلئے ایٹمی بجلی گھر دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ

امریکا: مائیکروسافٹ کے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کیلئے ایٹمی بجلی گھر دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ
ریاست پینسلوینیا کے تھری مائل آئی لینڈ ایٹمی بجلی گھر کے یونٹ 1 کو دوبارہ فعال کیا جائے گا— فوٹو: فائل

امریکا: ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ کے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کے لیے ایٹمی بجلی گھر دوبارہ فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق امریکا کی توانائی کمپنی کونسٹیلیشن اینرجی کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ کے ڈیٹا سینٹرز کو بجلی فراہم کرنے کے لیے ریاست پینسلوینیا کے تھری مائل آئی لینڈ ایٹمی بجلی گھر کے یونٹ 1 کو دوبارہ فعال کیا جائے گا۔

ایٹمی بجلی گھر کے یونٹ 1 کو مالی مسائل کے باعث 2019 میں بند کردیا گیا تھا، اس وقت اس یونٹ سے پیدا ہونے والی بجلی 8 لاکھ گھروں کو بجلی فراہم کرنے کے لیے کافی تھی، اب یہ بجلی مائیکروسافٹ کی کلاؤڈ اور مصنوعی ذہانت کی سروسز کے لیے  استعمال کی جائے گی۔

مائیکروسافٹ کی جانب سے اس ایٹمی بجلی گھر سے پیدا ہونے والی بجلی کو مِڈ اٹلانٹک ریاستوں میں موجود پاور گرڈز میں استعمال کیا جائے گا۔

مائیکروسافٹ کے وائس پریزیڈینٹ اینرجی بوبی ہولِس کا کہنا ہے کہ مائیکروسافٹ کے ڈیٹا سینٹرز کی وجہ سے ان علاقوں کے پاور گرڈز  پر دباؤ پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت کی مقبولیت کے ساتھ ڈیٹا سینٹرز میں بجلی کی طلب میں مزید اضافہ ہوگا۔

امریکی توانائی کمپنی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ایٹمی بجلی گھر 2028 تک فعال ہوگا۔

مزید خبریں :