Time 20 ستمبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی کو لاہور جلسے کیلئے کن شرائط پر عمل کرنا ہوگا؟

پی ٹی آئی کو لاہور جلسے کیلئے کن شرائط پر عمل کرنا ہوگا؟
ضلعی انتظامیہ نے 43 شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے۔

لاہورکی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کاہنہ میں رنگ روڈ پر جلسے کی اجازت دے دی۔

ضلعی انتظامیہ نے 43 شرائط و ضوابط کے ساتھ پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دی ہے اور ڈپٹی کمشنر نے جلسے کی اجازت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور  جلسے  کا وقت 3 بجے سے 6 بجے تک ہو گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ منتظمین اسٹیج، خواتین اور مردوں کے انکلوژر کی سکیورٹی  یقینی بنائیں گے اور  بھگدڑ روکنے اور مناسب پارکنگ کا انتظام پرائیویٹ سکیورٹی اور رضاکاروں کے ذریعے یقینی بنائیں گے۔

شرائط میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا 8 ستمبرکو اسلام آباد میں کی گئی تقریر پر معافی مانگیں گے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر سے باہر سے آنے والے جتھے روزمرہ کے معمولات میں خلل نہیں ڈالیں گے اور جلسےکے دوران ریاست یا اداروں کے خلاف نعرے اور بیان نہیں دیے جائیں گے۔

شرائط میں شامل ہے کہ کوئی اشتہاری مجرم جلسےمیں شرکت یا اسٹیج پر نظر نہیں آئے گا، بصورت دیگر اشتہاری مجرم کی گرفتاری میں تعاون جلسہ انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی اور  ناکامی کی صورت میں انتظامیہ پر معاونت کا مقدمہ درج ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جلسے میں کوئی افغان پرچم نہیں لہرایا جائے گا، جلسہ منتظمین فوکل پرسنز نامزد کریں گے، متعلقہ سپرانٹنڈنٹ پولیس اور ایس پی ٹریفک پولیس سےفوکل پرسن رابطہ کریں گے۔

شرائط میں شامل ہے کہ منتظمین ایس پی ماڈل ٹاؤن اور ایس پی سکیورٹی لاہور سے تعاون کریں گے، ٹریفک پولیس جلسے کے لیے تفصیلی ٹریفک پلان اور ایڈوائزری جاری کرےگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق منتظمین ضلعی پولیس کےساتھ لاہور رنگ روڈ اور کاہنہ میں خاردار تار  نصب کریں گے اور جلسے کے گردبیرونی دیوار پر خاردار تار اور قنات نصب کریں گے۔

شرائط میں شامل ہے کہ کسی کو بھی زبردستی اپنا کاروبار بند کرنے پر مجبور نہیں کیا جائے گا، کسی کو  بھی ڈنڈے لے کر جلسے کے مقام پر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، اسلحے کی نمائش سختی سے منع ہوگی اور آتش بازی کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اشتعال انگیز/گستاخانہ نعرے لگانے کی اجازت نہیں ہوگی،کسی بھی سیاسی یا مذہبی جماعت یا کسی ملک سے تعلق رکھنے والے فرد کا پتلا یا جھنڈا جلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ  جلسے کے احاطے اور اردگرد کا سکیورٹی انتظام منتظمین کی ذمہ داری ہوگی، کسی بھی ناگہانی واقعے کی صورت میں منتظمین کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق مجموعی سکیورٹی صورتحال اور مختلف ذرائع سے موصول ہونے والے خطرے کی اطلاعات کے پیش نظر، منتظمین کو دوبارہ خبردار کیا جاتا ہے کہ شرکا اور عوام کی حفاظت کے لیے جلسے کے مقام کے اندر اور باہر تمام ضروری احتیاطی تدابیر کریں۔

مزید خبریں :