22 ستمبر ، 2024
خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں دی میڈیکل ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) میں مبینہ طور پر خفیہ بلوٹوتھ ڈیوائسز استعمال کرنے کے الزام میں 8 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایم ڈی کیٹ میں مبینہ طور پر بلوٹوتھ استعمال کرنے کی کوشش کی گئی جس پر ضلع کرک میں نجی ہاسٹل سے 8 افراد حراست میں لیا گیا۔
ذرائع نے بتایاکہ ملزمان کرک سے بلوچستان میں ایم ڈی کیٹ بلوٹوتھ سے ٹیسٹ حل کرنے کی کوشش کر رہے تھے، ملزمان نے امیدواروں کو بلوچستان میں رجسٹرڈ ہونے کا کہا تھا، کرک کے رہائشیوں نے ایم ڈی کیٹ کیلئے خود کو بلوچستان میں رجسٹرڈ کروایا۔
ذرائع کے مطابق کے پی میں سکیورٹی بڑھانے اور بہتر انتظامات کے باعث یہاں ٹیسٹ پیپر آؤٹ نہیں کرسکتے تھے، ملزمان کا تعلق مبینہ طور پر گزشتہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ پیپر آؤٹ کرنے والے گینگ سے ہے، سکیورٹی اداروں نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے پہلے ہی ملزمان کا پتا لگایا تھا۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ ملزمان سے خفیہ بلوٹوتھ ڈیوائسز برآمد ہوئی ہیں۔
گزشتہ سال کے پی میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ بلوٹوتھ سکینڈل کے باعث دوبارہ منعقد کرایا گیا تھا، گزشتہ سال ایم ڈی کیٹ بلوٹوتھ سکینڈل میں کرک سے ظفر گینگ کے افراد گرفتار ہوئے تھے،
دوسری جانب جیو نیوز سے گفتگو میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی ترجمان نے کہا کہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ ملک بھر میں شفاف طریقے سے منعقد ہوا، تمام صوبوں کو سکیورٹی پر خاص توجہ دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ بلوٹوتھ ڈیوائسز استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہو تو ٹیسٹ سے قبل ہی گرفتار ہوئے ہونگے، امیدواروں کو مکمل تلاشی لینے کے بعد ہی امتحانی مرکز میں چھوڑا جا رہا تھا۔