Time 23 ستمبر ، 2024
پاکستان

کراچی: ’بندوق ہماری ثقافت نہیں‘ پختون ثقافتی دن کے موقع پر ایمل ولی خان کا خطاب

کراچی: ’بندوق ہماری ثقافت نہیں‘ پختون ثقافتی دن کے موقع پر ایمل ولی خان کا خطاب
فوٹو: فائل

 عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ہماری ثقافت ہماری طاقت ہے، بندوق ہماری ثقافت نہیں ہے۔

کراچی میں پختون ثقافتی دن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ  پختونوں کی تاریخ صدیوں پرانی ہے، پختون صدیوں پرانی ثقافت کے امین ہیں، پختون کلچر ہمیشہ سے ہے اور ہمیشہ رہے گا۔

کارکنان سے اپنے خطاب میں انہوں نےکہا کہ آپ نے ہمارے اجداد کیلئے قربانیاں دیں میں آپ کیلئے قربانی دوں گا۔

ایمل ولی کا کہنا تھا کہ شاندار استقبال پر تمام کارکنان اور ذمہ داران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، کراچی کے پختونوں نے اپنے کلچر کو زندہ رکھا ہوا ہے، باچا خان بابا نے فرمایا تھا کہ جو قوم اپنی زبان اور ثقافت کو بھول جائے وہ قومیں مٹ جاتی ہے، باچا خان نے امن اور رواداری کا درس دیا ہے۔

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سندھ کے تحت سی ویو پر پختونوں کے ثقافتی دن کی تقریب میں شرکت کیلئے مرکزی صدر ایمل ولی خان کراچی پہنچے تو ائیرپورٹ پر پارٹی رہنماؤں شاہی سید، یونس بونیری اور دیگر نے استقبال کیا۔

ایمل ولی کارکنوں کی بڑی ریلی کی قیادت کرتے ہوئے شاہراہ فیصل اور ڈیفنس سے ہوکر سی ویو پہنچے، راستے میں جگہ جگہ اے این کے کارکنوں نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔

سی ویو پر شہر بھر سے عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان پارٹی پرچم تھامے جمع ہوئے، ثقافتی پروگرام میں پختون لوک فنکاروں نے رباب اور ستار کے ذریعے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور داد وصول کی، اس موقع پر آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

مزید خبریں :