23 ستمبر ، 2024
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بڑی ٹیموں کا کوئی دباؤ نہیں ہمیں تگڑا کھیلنا ہو گا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے پاکستان کی ویمنز کرکٹ ٹیم آج دبئی روانہ ہوگی۔
دبئی روانگی سے قبل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہو ئے کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ کپتانی کی وجہ سے مجھ پر کوئی دباؤ نہیں ہے میں کپتانی کرتی رہی ہوں، مجھے مینجمنٹ اور کھلاڑیوں کی بہت سپورٹ حاصل ہے اس لیے مختلف محسوس نہیں ہو رہا۔
فاطمہ ثنا کے مطابق گروپ میں بڑی ٹیموں کا کوئی دباؤ نہیں ہمیں میچ کے دن بس اچھا کھیلنا ہے ، ہمیں یقین ہونا چاہیے کہ ہمیں اچھا کھیلنا ہے اور اسی چیز کو آگے لے کر چلنا ہے جب آپ اچھی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہیں تو زیادہ تگڑے انداز میں کھیلتے ہیں۔
کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا جیسی ٹیم کے خلاف کھیلیں تو بس یہ ذہن میں ہونا چاہیے کہ اپنا بہترین دینا ہے، آخری مرتبہ ہم بھارت سے ہارے لیکن اس سے پہلے ہم جیتے بھی ہیں بھارت کے ساتھ اچھا مقابلہ رہتا ہے، ہمیں اس دن اچھا کھیلنا ہو گا جیت ہماری ہو گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ایونٹ3 اکتوبر سے دبئی اور شارجہ کے میدانوں میں کھیلا جائے گا ۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان کے ساتھ گروپ میں آسٹریلیا ، بھارت، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔