Time 25 ستمبر ، 2024
پاکستان

تباہ کن سیلاب سے معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا: وزیراعظم کا خطاب

تباہ کن سیلاب سے معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا: وزیراعظم کا خطاب
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تباہ کن سیلاب سے پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔

امریکا میں دیرپا ترقی سے متعلق مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث 2022 میں پاکستان کو تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں، جنہیں تعلیم کی فراہمی بڑا چیلنج ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ انہوں نے پنجاب میں تعلیم کے شعبے میں انقلابی اقدامات کئے، معاشرے کے محروم طبقے کیلئے پنجاب انڈومنٹ فنڈ کا اجرا کیا۔ تعلیم کے فروغ کیلئے دانش اسکول کا قیام عمل میں لایا گیا۔

اس سے پہلے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹر معیزو کے درمیان ملاقات ہوئی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ اور گہرے تعلقات کے فروغ پر زور دیا۔

وزیراعظم آفس کے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مالدیپ کے ساتھ تجارت، سیاحت، تعلیم، سرمایہ کاری اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے اپنے ممالک میں اقتصادی ترقی اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے کیلئے عوامی روابط اور باہمی تعاون کی کوششوں میں اضافے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

دونوں رہنماؤں نے خطے کے امن، خوشحالی اور استحکام کیلئے مل کر کام کرنے کیلئے جنوبی ایشیائی ممالک کی مشترکہ ذمہ داری پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے وفد کے ہمراہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم جنرل اسمبلی اجلاس سے ستائیس ستمبر کو خطاب کریں گے۔

مزید خبریں :