Time 26 ستمبر ، 2024
کاروبار

’پاکستان نے اصلاحات کیں، معیشت بہتر ہوئی‘، آئی ایم ایف سربراہ کی پاکستانی عوام کو مبارکباد

’پاکستان نے اصلاحات کیں، معیشت بہتر ہوئی‘، آئی ایم ایف سربراہ کی پاکستانی عوام کو مبارکباد
فوٹو: فائل

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری پر پاکستانی عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کردی ہے۔

آئی ایم ایف بورڈ اجلاس کے بعد جیونیوز سے بات کرتے ہوئے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کو مبارک ہو، پاکستان نے اصلاحات کی ہیں، جس سے معیشت بہتر ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں جارہی ہے، معیشت کی گروتھ اور مہنگائی میں کمی ہورہی ہے۔

آئی ایم ایف سربراہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی حکومت کا ہدف امیروں سے ٹیکس لینا اور غریبوں کی مدد کرنا ہے۔

یاد رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالرز کے بیل آؤٹ پیکج کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو 30 ستمبر تک 1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے، قرض پروگرام منظوری کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال آئے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا قرض 5 فیصد شرح سود سے کم پر ملے گا۔

مزید خبریں :