26 ستمبر ، 2024
وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ایگزیکٹو بورڈ سے قرض پروگرام کی منظوری موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی توثیق ہے، پروگرام قبول کرنے اور اعتماد کا اظہار کرنے پر آئی ایم ایف کے شکر گزار ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے آئی ایم ایف کا پروگرام اگلے تین سال کا ہے، آئی ایم ایف پروگرام کا مقصد میکرو اکنامک استحکام حاصل کرنا ہے۔ میکرو اکنامک استحکام آئے گا تو اس بنیاد پر ہی عمارت کھڑی ہوگی۔
جیو نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اداروں نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی ریٹنگ بڑھائی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی میں کمی اور شرح سود بھی نیچے آ رہی ہے، کرنسی مستحکم اور زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے ہیں، مہنگائی میں کمی کا عام آدمی پر اثر آنا شروع ہوگیا ہے، غذا اور کموڈیٹی پرائس میں کمی آئی ہے۔
محمد اورنگزیب کا کہنا تھاکہ آئی ایم ایف کے اس پروگرام کو آخری پروگرام بنانا ہے تو ڈھانچہ جاتی اصلاحات کرنا ہوں گی، ہمیں ماضی کو بھول کر مثبت انداز میں آگے بڑھنا چاہیے، جو ہوگیا وہ ہوگیا، ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ اسے آگے کیسے لے کر جانا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ہم ڈھانچہ جاتی اصلاحات کیلئے پُرعزم ہیں، ٹیکس ہو یا توانائی، پرائیویٹائزیشن ہو یا سرکاری کمپنیاں ہوں، ہم اس پر عمل کیلئے پُرعزم ہیں۔