26 ستمبر ، 2024
بالی وڈ کی سابقہ اداکارہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنا نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ کاش ڈمپل کباڈیہ کی جگہ ڈریم گرل یعنی ہیما مالنی ان کی والدہ ہوتیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹوئنکل کھنا نے حال ہی میں بھارتی اخبار کے لیے ایک کالم لکھا جس میں انہوں نے بھارتی شہریوں کو درپیش مسائل پر بات کی، اداکارہ نے ملک کی سڑکوں پر شور شرابے، گندا پانی جمع ہونے اور سڑکوں پر پڑے گڑھوں پر سوالات اٹھائے۔
کالم میں ٹوئنکل کھنا نے کہا کہ انہیں اپنے واٹر پیوریفائر سے ٹپکنے والے پانی کی آواز سے ہیما مالنی کا خیال آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں صاف پانی فراہم کرنے کے لیے اداکارہ سے سیاستدان بننے والی ہیما مالنی سے زیادہ کوئی بھی پرعزم نہیں ہے، ملک میں کوئی بھی ہیما جی سے زیادہ بھارت کو صاف پانی دینے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔
ٹوئنکل نے اس بات کی بھی نشاندہی کی کہ کس طرح ہیما مالنی صاف پانی کے مقصد کو فروغ دے رہی ہیں اور جلد ہی گنگا کے کنارے ایک ڈانس پروگرام کا اہتمام کریں گی تاکہ ہمارے دریاؤں کو صاف رکھنے کا پیغام عام کیا جا سکے۔
ٹوئنکل نے والدہ کو فون کرکے کہا کہ 'اگر ہم اپنے ساتھی شہریوں کو سڑکوں کے کونوں پر پان کی پیکیں پھینکنے اور مذہبی اختلافات کی وجہ سے لوگوں کو جان سے مارنے سے نہیں روک سکتے تو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ انفرااسٹرکچر پر کتنا پیسہ خرچ کیا جاتا ہے'۔
سابقہ اداکارہ نے کالم میں بتایا کہ جب انہوں نے ڈمپل سے شکایت کی کہ ملک میں 'صاف سڑکیں، پانی، ہوا یا یہاں تک کہ بنیادی ہم آہنگی نہیں ہے تو سینئر اداکارہ ڈمپل کباڈیہ نے جواب میں اپنی بیٹی سے کہا کہ گنپتی کے جلوسوں کے دوران شور شرابہ اس سے کم تھا جو وہ ابھی کر رہی ہیں اور ساتھ ہی فون بند کر دیا۔
اس پر مزاحیہ انداز میں ٹوئنکل نے لکھا کہ 'یہ پہلا موقع نہیں ہے جب میں نے خواہش کی ہو کہ کاش ہیما مالنی میری ماں ہوتیں، ہم ناصرف صاف پانی پر طویل گفتگو کر سکتے تھے بلکہ مجھے زندگی بھر مفت واٹر پیوریفائر کی فراہمی بھی ملتی'۔
خیال رہے کہ ٹوئنکل کھنا آنجہانی اداکار راجیش کھنا اور ڈمپل کپاڈیہ کی بیٹی ہیں۔