26 دسمبر ، 2021
بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی اہلیہ اداکارہ ٹوئنکل کھنہ نے انکشاف کیا ہے کہ شادی سے قبل ہی نجومی نے پیشگوئی کر دی تھی کہ میری شادی بالی وڈ کے مسٹر کھلاڑی سے ہو گی۔
حال ہی میں اداکار جیکی شروف ٹوئنکل کھنہ کے ویب شو میں مہمان بنے جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے بات چیت کی۔
انٹرویو کے دوران ٹوئنکل کھنہ نے بتایا کہ وہ علمِ نجوم پر بالکل یقین نہیں کرتی تھیں اور دوسرے لوگوں کی طرح اسے ایک مذاق ہی سمجھتی تھیں لیکن ان سے متعلق دو پیشگوئیاں ایسی کی گئیں جو حیران کن طور پر سچ ثابت ہوئیں۔
ٹوئنکل نے بتایا کہ جیکی شروف کے والد 'کاکوبھائی شروف' ایک نجومی تھے جو کہ میرے والد راجیش کھنہ کے بہت اچھے دوست تھے، انہوں نے ایک بار کہا تھا کہ ٹوئنکل کی شادی اکشے کمار سے ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جب گھر آکر میرے والد نے اس بات کا تذکرہ کیا تو میں نے فوری طور پر حیران ہوتے ہوئے سوال کیا کہ کون اکشے کمار کیونکہ اس وقت میں نہیں جانتی تھی کہ اکشے کمار کون ہیں۔
ٹوئنکل کھنہ نے مزید کہا کہ جیکی شروف کے والد نے یہ بھی پیشگوئی کی تھی کی میں ایک رائٹر بنوں گی جو درست ثابت ہوئی۔