Time 27 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

قدرتی طور پر لمبی گھنی پلکیں چاہتے ہیں؟ بس یہ آسان ٹوٹکا آزمائیں

قدرتی طور پر لمبی گھنی پلکیں چاہتے ہیں؟ بس یہ آسان ٹوٹکا آزمائیں
جہاں نقلی پلکوں کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے وہیں یہ نقلی پلکیں آنکھوں کو متاثر کرنے اور قدرتی پلکوں کے ٹوٹنے کا سبب بھی بنتی ہیں/ فائل فوٹو

ہر لڑکی کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی پلکیں لمبی گھنی ہوں کیونکہ اس سے آنکھیں بڑی اور خوبصورت لگتی ہیں۔

 ویسے مارکیٹ میں نقلی پلکیں باآسانی دستیاب ہوتی ہیں جس کا استعمال خواتین اور لڑکیاں بڑی تعداد میں کرتی ہیں لیکن قدرتی پلکوں کا نعمل البدل کوئی نہیں ہے۔

جہاں نقلی پلکوں کا زیادہ استعمال کیا جاتا ہے وہیں یہ نقلی پلکیں آنکھوں کو متاثر کرنے اور قدرتی پلکوں کے ٹوٹنے کا سبب بھی بنتی ہیں۔

ایسے میں اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی قدرتی طور پر پلکیں لمبی اور گھنی ہوں تو آپ یہ چند ٹوٹکوں کو آزما سکتے ہیں۔

گرین ٹی

گرین ٹی کے فوائد سے سب ہی واقف ہیں، یہ جلد کو بہتر کرنے، آنکھوں کے گرد سیاہ ہلکوں کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ بالوں کی نشونما میں بھی اپنا کردار ادا کرتی ہے۔

گرین ٹی میں یہ خصوصیت بھی پائی جاتی ہے کہ یہ بالوں کو مضبوط اور لمبا کرنے میں بھی مدد کرتی ہے۔

اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی پلکیں لمبی ہوں تو آپ روزانہ ایک کاٹن کی بال کو گرین ٹی میں بھگو کر اپنی پلکوں پر لگائیں۔

ناریل کا تیل

اگر آپ کی پلکیں پتلی اورگر رہی ہیں تو آپ ناریل کے تیل کا انتخاب بھی کر سکتے ہیں، کیونکہ ناریل کا تیل بالوں کو مناسب نمی فراہم کرتا ہے اور انہیں ضروری پروٹین بھی مہیا کرتا ہے۔

ناریل کے تیل کے ایک قطرے کو لے کر انگلی کی مدد سے پلکوں پر لگائیں اور رات بھر لگا رہنے دیں، صبح اٹھ کر معمول کے مطابق چہرہ دھو لیں۔

پیٹرولیم جیلی

خواتین اور لڑکیاں مسکارے کا استعمال ہر تقریب میں کرتی ہیں جس کے بعد وہ پلکوں کی صفائی کا خیال نہیں رکھتیں، جس کی وجہ سے ان کی پلکیں کمزور ہو کر ٹوٹ جاتی ہیں۔

پلکوں پر مسکارا لگانے کے بعد پیٹرولیم جیلی سے ہلکے ہاتھ سے مساج کرنے کے بعد صاف کرلیں، اس طریقے سے آپ کی پلکیں باآسانی صاف ہوجائیں گی۔

شی بٹر

شی بٹر وٹامن سی اور اینٹی آکسیڈینٹ کا خزانہ ہوتا ہے، اینٹی آکسیڈینٹ میں کولیجن کو بہتر کرنے کی صلاحیت ہوتی ہے اور کولیجن بالوں کی نشونما میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

آپ اپنی انگلی پر تھوڑا سا شی بٹر لے کر پلکوں پر مساج کریں اور رات بھر لگا رہنے کے بعد صبح پلکیں صاف کرلیں۔

مزید خبریں :