Time 27 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

قبل از وقت بڑھاپے سے تحفظ فراہم کرنے والا آسان اور بہترین طریقہ

قبل از وقت بڑھاپے سے تحفظ فراہم کرنے والا آسان اور بہترین طریقہ
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

عمر میں اضافہ تو ایسا عمل ہے جس کو روکنا کسی کے لیے ممکن نہیں اور ہر گزرتے برس کے ساتھ بڑھاپے کے آثار قدرتی طور پر نمایاں ہوتے ہیں۔

مگر ایک آسان عادت اپنا کر آپ قبل از وقت بڑھاپے سے خود کو بچا سکتے ہیں۔

سیاحت کے لیے سفر کرنے سے قبل از وقت بڑھاپے کی روک تھام کی جاسکتی ہے۔

یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

جرنل آف ٹریول ریسرچ میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ سیاحتی سرگرمیاں دائمی تناؤ میں کمی لاتی ہیں، مدافعتی نظام مضبوط کرتی ہیں اور مختلف جسمانی افعال کو بہتر کرتی ہیں۔

آسٹریلیا کی ایڈتھ کوون یونیورسٹی کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ سفر کرنے کی عادت قبل از وقت بڑھاپے سے بچنے کا بہترین طریقہ ہے۔

تحقیق کے مطابق سیاحت اور اس سے جڑے مثبت تجربات سے جسم کے اندر متعدد مثبت تبدیلیاں آتی ہیں۔

محققین نے بتایا کہ بڑھاپا ایک ایسا عمل ہے جسے ریورس کرنا یا روکنا تو ممکن نہیں مگر اس کی رفتار ضرور سست کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مثبت سیاحتی تجربات سے جسمانی اور دماغی صحت بہتر ہوتی ہے کیونکہ ہمیں نئے ماحول میں رہنے اور مختلف جسمانی و سماجی سرگرمیوں کا حصہ بننے کا موقع ملتا ہے۔

سفر کرنے سے مثبت جذبات بھی ابھرتے ہیں اور جسم و ذہن کو سکون ملتا ہے۔

سکون محسوس ہونے سے تناؤ میں کمی آتی ہے جبکہ میٹابولک ریٹ بڑھتا ہے اور مدافعتی نظام پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

محققین نے کہا کہ جب ہمارا جسمانی دفاعی نظام زیادہ مضبوط ہوتا ہے تو ہارمونز ٹشوز کی مرمت اور بحالی نو تیزی سے کرتے ہیں جس سے مختلف امراض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

مزید خبریں :