Time 24 ستمبر ، 2024
صحت و سائنس

اچھی صحت کے لیے رات کے کھانے کا مثالی وقت کیا ہے؟

اچھی صحت کے لیے رات کے کھانے کا مثالی وقت کیا ہے؟
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

کیا آپ کو معلوم ہے کہ کھانے کا وقت خاص طور پر رات کو خوراک کو جزوبدن بنانے کا وقت صحت پر نمایاں اثرات مرتب کرتا ہے۔

یعنی صرف یہ بات ہی اہم نہیں کہ ہم کیا کھا رہے ہیں بلکہ کھانے کا وقت بھی بہت اہمیت رکھتا ہے۔

اس بارے میں کچھ عرصے قبل مختلف تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا۔

جرنل سیل میٹابولزم میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ رات کے کھانے کا وقت صحت کے لیے اہم ہوتا ہے۔

درحقیقت رات کے کھانے کا مثالی وقت تحقیق میں بتایا گیا۔

تحقیق میں شامل ماہرین نے بتایا کہ ہم یہ دیکھنا چاہتے تھے کہ رات گئے کھانا کھانے سے موٹاپے کا خطرہ کیوں بڑھتا ہے۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ سونے کے وقت سے 3 سے 4 گھنٹے قبل کھانا کھانے سے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق سونے سے کافی دیر پہلے کھانا کھانے سے ہمارے جسم کو غذا ہضم کرنے میں مدد ملتی ہے اور نیند پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ سونے سے کچھ دیر پہلے یا رات گئے کھانا کھانے سے میٹابولزم پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، جس سے بھوک زیادہ لگتی ہے، جسم سست روی سے کیلوریز جلاتا ہے اور جسمانی چربی بڑھتی ہے جس سے ذیابیطس اور امراض قلب کا خطرہ بڑھتا ہے۔

اس کے مقابلے میں سونے سے چند گھنٹے قبل کھانا کھانے سے جسمانی چربی زیادہ گھلتی ہے، بلڈ گلوکوز کی سطح گھٹ جاتی ہے، نیند کا معیار بہتر ہوتا ہے اور جسمانی توانائی بڑھتی ہے۔

اسی طرح جرنل Obesity Reviews میں شائع ایک تحقیق میں بھی سونے سے چند گھنٹے قبل کھانے کی عادت کو صحت کے لیے مفید قرار دیا گیا۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ ذیابیطس، تھائی رائیڈ امراض اور امراض قلب سے بچنے کے لیے رات کو جلد کھانے کی عادت کو اپنانا چاہیے۔

محققین کے مطابق کھانے کا وقت بہت اہمیت رکھتا ہے اور سونے سے 3 سے 4 گھنٹے قبل غذا کو جزوبدن بنانے سے کیلوریز جلانے کے عمل پر نمایاں اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کسی ایک وقت کا تعین تو نہیں کیا جاسکتا مگر کوشش کی جانی چاہیے کہ رات کا کھانا سونے سے 3 سے 4 گھنٹے قبل کھا لینا چاہیے۔

مزید خبریں :