27 ستمبر ، 2024
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں سلوینیا کے وزیر اعظم نے غزہ کی جنگ کے حوالے سے اسرائیلی وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مسٹر نیتن یاہو! اس جنگ کو فوری روکو‘۔
سلووینیا کے وزیر اعظم رابرٹ گولوب نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ میں اسرائیلی حکومت سے واضح طور پر اور کھل کر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ ’خونریزی بند کرو، مصائب کو روکو، یرغمالیوں کو گھر واپس لاؤ اور قبضہ ختم کرو‘۔
رابرٹ گولوب نے یہ بیان ایک ایسے وقت میں دیا ہے جب سلوینیا یکم ستمبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت حاصل کرچکا ہے۔
رابرٹ گولوب نے کہا کہ سلامتی کونسل غزہ، یوکرین یا سوڈان جیسے بڑے تنازعات کا مؤثر جواب دینے میں ناکام ہے اور کونسل میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
رابرٹ گولوب نے مزید کہا کہ تقریباً چار ماہ گزرنے کے بعد بھی غزہ میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے حوالے سے کونسل کی قرارداد پر عمل درآمد نہیں ہورہا۔
آج اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے بھی خطاب کیا، جیسے ہی نیتن یاہو خطاب کے لیے اسٹیج پر آئے تو پاکستان سمیت دیگر ممالک کے وفود نے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے واک آؤٹ کردیا۔