28 ستمبر ، 2024
بیروت میں اسرائیلی میزائل حملوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے ایران کی نیشنل سکیورٹی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس اپنی رہائش گاہ پر بلایا ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر کی جانب سے سکیورٹی کونسل کا اجلاس لبنان کے دارالحکومت بیروت میں اسرائیلی میزائل حملوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر بلایا گیا۔
حملوں سے متعلق اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ حملے لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر کو ہدف بنا کر کیے گئے تھے،حملوں کا اصل نشانہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ تھے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی کا کہنا تھا کہ صیہونی رجیم کے جرائم کا تسلسل واضح کرتا ہے کہ امریکا اور مغربی ممالک کی جانب سے جنگ بندی ایک ڈھونگ ہے، یہ ڈھونگ صرف اس لیے رچایا جا رہا ہے تاکہ فلسطینی اور لبنانی عوام کیخلاف جرائم جاری رکھنے کیلئے صیہونی رجیم کو درکار وقت مہیا کیا جا سکے۔