28 ستمبر ، 2024
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کی صورت میں متبادل قیادت تحریک چلانے کیلئے تیار ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای کے مشیرعلی لاریجانی نے اپنے بیان میں کہا کہ حزب اللہ کے پاس قائدانہ صلاحیت رکھنے والے بہت سارے کمانڈر اور رہنما ہیں۔
علی لاریجانی کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے سرخ لکیر عبور کردی ہے، صورتحال انتہائی سنگین ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی ٹاؤن میں حزب اللہ ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنا نے کا دعویٰ کیا ہے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے حزب اللہ کے سینٹرل کمانڈ کو بمباری کا نشانہ بنایا، حزب اللہ کا سینٹرل کمانڈ عمارت کے نیچے قائم کیا گیا تھا، بمباری کا اصل ہدف حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ تھے۔
عرب میڈیا کے مطابق گزشتہ 5 روز میں یہ اسرائیلی فوج کی بیروت پر سب سے طاقتور بمباری ہے، اسرائیلی فوج نے ائیرپورٹ روڈ پر مخصوص عمارت کو نشانہ بنایا، اسرائیلی طیاروں نے البرج عمارت پر 10 میزائل داغے، جنوبی ٹاؤن پراسرائیلی بمباری میں 4 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
دوسری جانب ایرانی خبررساں ادارے تسنیم نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ محفوظ رہے تاہم حزب اللہ کی جانب سے اب تک اس بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔