Time 28 ستمبر ، 2024
پاکستان

افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت ہورہی ہے: وزیر دفاع

افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت ہورہی ہے: وزیر دفاع
فوٹو: فائل

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت ہورہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں خون خرابہ کرنے والوں کی پناہ گاہیں افغانستان میں بھی ہیں اوروہاں سے پاکستان میں بھی ان لوگوں کو پناہ گاہیں میسر کی جاتی ہیں۔

پروگرام کے دوران گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور پارلیمنٹ میں ڈیڈلاک ختم نہ ہوا تو اس کا نتیجہ آئینی میلٹ ڈاؤن ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کو مذاکرات میں دلچسپی نہیں ہے تو ہمیں بھی کوئی پریشانی نہیں۔

واضح رہے کہ شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ مقابلے میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں میں افغان باشندے بھی شامل تھے جس کے ثبوت بھی مل گئے ہیں۔

شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 8 دہشتگرد مارے گئے، ہلاک دہشتگردوں میں افغان خارجی دہشتگرد جلال ولد نعمت اللہ بھی شامل تھا۔

مقامی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد جلال سے افغان شناختی کارڈ برآمد ہوا، دوسرے ہلاک خارجی سیف اللہ ولد دین فراز کا تعلق فتنتہ الخوراج کے گل بہادر گروپ سے ہے۔

خارجی سیف اللہ سے برآمد ہونے والا افغان عبوری حکومت کا جاری کردہ اسلحہ رکھنے کا اجازت نامہ ظاہر کرتا ہے کہ سیف اللہ ولد دین فراز کو افغانستان میں ہتھیار سمیت مکمل آزادی حاصل تھی۔

مزید خبریں :