28 ستمبر ، 2024
اسرائیل کی جانب سے گزشتہ روز بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈ کوارٹر پر فضائی حملے کی ویڈیو اسرائیلی میڈیا نے جاری کردی ہے۔
گزشتہ روز اسرائیل نے لبنانی دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے میں بمباری کی تھی اور اس حملے میں 2 افراد شہید اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔
گزشتہ 5 روز میں یہ اسرائیلی فوج کی بیروت پر سب سے طاقتور بمباری تھی، جنوبی ٹاؤن پراسرائیلی بمباری میں 4 عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
اسرائیلی میڈیا کی جانب سے ایکس پر فضائی حملے کی ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس کے متعلق دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ گزشتہ روز بیروت میں حزب اللہ کے ہیڈکوارٹر پر حملے کی ویڈیو ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کا سینٹرل کمانڈ عمارت کے نیچے قائم کیا گیا تھا، بمباری کا اصل ہدف حزب اللہ سربراہ حسن نصراللہ تھے۔
اسرائیل کی جانب سے اس حملے میں حسن نصراللہ کی شہادت کا دعویٰ کیا گیا تھا جس کی اب حزب اللہ نے بھی تصدیق کردی ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حسن نصر اللہ شہید ہوگئے۔ اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رہے گی، غزہ اور فلسطین کی حمایت، لبنان کے دفاع کے لیے اپنا جہاد جاری رکھیں گے۔
اسرائیل نے بیروت حملے میں حزب اللہ سربراہ کی بیٹی زینب نصراللہ کی بھی شہادت کا دعویٰ کیا ہے۔