Time 29 ستمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

عالمی ثقافتی میلہ، افریقی ملک سے آیا میوزیکل گروپ پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا معترف

عالمی ثقافتی میلے میں افریقی ملک روانڈا سے آیا میوزیکل گروپ پاکستانیوں کی مہمان نوازی کا معترف ہو گیا۔

جنگ اور جیو کے اشتراک سے کراچی آرٹس کونسل میں منعقد ہونے والے عالمی ثقافتی میلے میں جہاں مختلف ملکوں سے فنکار بلائے گئے ہیں، وہیں روانڈا سے آنے والے مہمانوں کی بھی الگ ہی بات ہے، 9 افراد پر مشتمل اس میوزیکل گروپ میں مختلف فنکاروں سمیت میوزک ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی شامل ہیں جنہوں نے افتتاحی تقریب اور فیسٹیول کے تیسرے دن پرفارمنس دی تھی۔

جیو ڈیجیٹل نے اس گروپ کی ممبر کوئن سے خصوصی گفتگو کی اور ان کی میوزیکل پرفارمنس سے متعلق پوچھا، جس پر انہوں نے بتایا کہ اس پرفارمنس میں آپ کو ہماری روایتی موسیقی ہی نہیں بلکہ محبت، خوشی کے موقعوں اور حوصلہ بڑھانے کے لیے گائے جانے والے گیت بھی ملیں گے لیکن اہم بات یہ ہے کہ ہماری پرفارمنس میں آپ کو تہذیب کا عکس بھی نظر  آئے گا، ہمارا مقصد شرکاء کو روانڈا کی تہذیب سے متعارف کروانا ہے، ہماری پرفارمنس میں افریقا کے روایتی میوزک کے ساتھ مارڈرن ٹچ بھی دکھے گا جس میں جیز، پاپ اور دیگر طرز کی موسیقی شامل ہے۔

افریقا کے روایتی موسیقی میں مختلف آلات استعمال ہوتے ہیں کیا آپ وہ بھی ساتھ لائے ہیں؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے کوئن نے کہا کہ ایسا ہی ہے ، ہماری پرفارمنس میں ناظرین نے وہ آلات بھی دیکھے ہیں جو ہم روانڈا میں میوزکل پرفارمنس میں استعمال کرتے ہیں، ہمارے ڈانسرز کا ڈانس بھی منفرد ہے، دیکھنے والے شاید ان سے کچھ ڈانس اسٹیپس بھی سیکھ سکیں اور شاید کہیں کہیں وہ رو بھی پڑیں۔

ریپ کلچر کے حوالے سے کوئن نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ہمارا ریپ کلچر دنیا بھر میں مقبول ہے، یہ تیزی سے مقبول ہونے والا موسیقی کا انداز ہے بالخصوص “کینیا ٹریپ”، ہمارے ساتھ لی ڈیا بھی پاکستان آئی ہیں جو ریپ گاتی ہیں، انہیں شاعری اور میوزک دونوں پر کمال حاصل ہے، باقی ریپ کرنا ہر کسی کے بس کی بات نہیں ہوتی، ہمیں خوشی ہے کہ ہمارے مقامی لوگوں کو بھی سوشل میڈیا کے ذریعے پسند کیا جا رہا ہے۔

ہمیں روانڈا کے بارے میں بھی جاننے کا اشتیاق تھا سو ہم نے کوئن سے پوچھا کہ آخر یہ کیسی جگہ ہے اور یہاں کے لوگ کیسے ہیں؟

کوئن نے کہا کہ روانڈا میں سب سے اچھا کیا ہے یہ کہنا مشکل ہے لیکن ہم اسے ہزاروں پہاڑوں کا مقام کہتے ہیں، یہ پہاڑوں سے گھرا ہوا ہے اور یہاں درجہ حرارت بھی کم رہتا ہے، مگر کراچی کا موسم گرم ہے، ہم مہمان نواز لوگ ہیں اور ہمیں لوگوں سے ملنا اچھا لگتا ہے۔

کوئن نے مزید کہا کہ یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہے لیکن انہیں امید ہے کہ یہ آخری نہیں ہوگا، پاکستانی موسیقی سے متعلق کوئن نے کہا کہ ان کا ابھی تک پاکستانی موسیقی سننے کا اتفاق نہیں ہوا لیکن اب وہ جلد پاکستانی پلے لسٹ ڈاؤن لوڈ کریں گی۔

پاکستانی کھانوں کی تعریف

'میں پہلی بار پاکستان آیا ہوں اور میں نے پاکستان کے بارے میں بہت کچھ منفی سن رکھا تھا لیکن یہاں کے لوگ بہت محبت کرنے والے ملنسار ہیں، میں نے پاکستان میں بریانی، شاورمہ کھایا ہے اور ابھی میں سب کچھ تو ٹرائی نہیں کرسکا لیکن آپ لوگوں کا دہی بھی کافی مزیدار ہے، مجھے امید ہے میں جتنے دن یہاں قیام کروں گا یہ دن یادگار ہوں گے۔'

افریقا میں کون سی طرز کی موسیقی مقبول ہے؟

سرج نے ہمیں بتایا کہ افریقا کا روایتی میوزک اماہنبا کافی مقبول ہے اور وہاں کے لوگ اسے کافی پسند کرتے ہیں ۔

'مجھے تمام ممالک کی موسیقی پسند ہے لیکن ہمارا یہ روایتی میوزک دنیا بھر میں بھی مقبول ہے، ہم لوگ فیوژن بھی جانتے ہیں اور روانڈا میں اس پر بھی بہت کام کر رہے ہیں'۔

موسیقی کی جہاں تک بات ہے تو سرج یہ سمجھتے ہیں کہ موسیقی وہ واحد چیز ہے جو بغیر اجازت روح میں داخل ہو جاتی ہے، 'چاہے آپ اسے پسند کریں یا نہیں یہ آپ کو جھومنے پر مجبور کردے گی، میں اسی موسیقی کی وجہ سے آپ سے ملنے پاکستان آیا ہوں، اسی وجہ سے ہم آپس میں ملے ہیں، اگر ہم اسی طرح ممالک کو آپس میں فن و موسیقی سے ذریعے جوڑتے رہے تو ایک دن ہم آسمان چھو لیں گے۔'

گروپ میں پیانسٹ، ڈرمر اور گراٹارسٹ سمیت دیگر فنکار بھی شامل تھے جنہوں نے کراچی آرٹس کونسل میں اپنی پرفارمنس سے شرکاء کو واہ واہ کرنے پر مجبور کردیا۔

مزید خبریں :