Time 30 ستمبر ، 2024
پاکستان

ڈاکٹر شاہنواز ہلاکت کیس: ہائیکورٹ کا پولیس افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم

سندھ ہائیکورٹ نے ڈاکٹر شاہنواز قتل کیس میں ملوث سابق ڈی آئی جی میرپورخاص، سابق ایس ایس پی میرپور خاص اور سابق ایس پی عمرکوٹ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔

سندھ ہائیکورٹ میں عمر کوٹ میں جعلی پولیس مقابلے میں قتل ہونے والے ڈاکٹر شاہ نواز کے کیس کی سماعت ہوئی۔ علی پلھ ایڈووکیٹ و دیگر کی درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ ڈاکٹر شاہنواز کی جعلی پولیس مقابلے میں ہلاکت کی عدالتی انکوائری کا حکم دیا جائے۔ 

درخواست گزاروں کے مطابق ڈاکٹر شاہنواز کو عمر کوٹ پولیس نے کراچی سے گرفتار کرکے جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا۔ 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ڈی آئی جی و دیگر کو اپنا اثرورسوخ استعمال کرنے سے روکا جائے۔

عدالت نے سابق ڈی آئی جی، سابق ایس ایس پی میرپور خاص اور سابق ایس پی عمرکوٹ کانام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیتے ہوئے تینوں افسران کے عدالت کی اجازت کے بغیر ملک سے باہر جانے پر پابندی عائد کردی۔

عدالت نے تمام ملزمان کی گرفتاری کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو معاونت کیلئے بھی طلب کرلیا اور مزید سماعت 7 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست پر میرپورخاص واقعے میں پولیس افسران سمیت 24 افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 18ستمبر کی رات سندھڑی پولیس نے مبینہ مقابلے میں عمرکوٹ کے رہائشی ڈاکٹرشاہنواز کی ہلاکت کا دعوٰی کیا تھا۔

مزید خبریں :