Time 01 اکتوبر ، 2024
دنیا

عالمی برادری جنگ بندی کی باتیں کرتی رہ گئی، اسرائیل نے لبنان پر زمینی جنگ مسلط کردی

عالمی برادری جنگ بندی کی باتیں کرتی رہ گئی، اسرائیل نے لبنان پر زمینی جنگ مسلط کردی
سرحدی قصبوں میں اسرائیلی فوج کو نشانہ بنا رہے ہیں، راکٹوں سے اسرائیلی اڈوں پر بھی حملے کیے گئے: حزب اللہ/ فوٹو انٹرنیٹ

اسرائیل نے لبنان پر زمینی جنگ مسلط کر دی اور عالمی برادری جنگ بندی کی باتیں کرتی رہ گئی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے شدید فضائی حملوں کے ساتھ ٹینکوں اور توپ خانے سے لبنان پر حملہ کردیا جس کے باعث لبنانی فوج سرحد سے 5 کلو میٹر پیچھے ہٹ گئی۔

ادھر حزب اللہ کا کہنا ہےکہ سرحدی قصبوں میں اسرائیلی فوج کو نشانہ بنا رہے ہیں، راکٹوں سے اسرائیلی اڈوں پر بھی حملے کیے گئے جب کہ  بیروت ائیرپورٹ کے قریب اسرائیل نے حملہ کیا اور سیدون شہر میں فلسطینی پناہ گزین کیمپ کو بھی نشانہ بنایا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لبنان پر پیر کو اسرائیلی فضائی حملوں میں 95 شہری شہید اور 172 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب  امریکا کا کہنا ہےکہ اسرائیل حزب اللہ کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے لیے محدود کارروائیاں کررہا ہے۔

حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ نعیم قاسم کا کہنا ہے کہ اسرائیل سے طویل زمینی جنگ کے لیے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ اسرائیل کی جانب سے گزشتہ کئی روز سے لبنان پر بدترین فضائی بمباری جاری ہے جس سے سیکڑوں افراد شہید ہوچکے ہیں، اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سمیت اعلیٰ قیادت بھی شہید ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :