01 اکتوبر ، 2024
ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہونے والے پاکستان ہاکی ٹیم کے نائب کپتان ڈریگ فلکر ابوبکر حکومت اور ہاکی فیڈریشن کی بے حسی کا شکار ہیں۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے نائب کپتان ابو بکر ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے دوران بھارت کے خلاف لیگ میچ میں گھٹنے کی شدید انجری کا شکار ہوئے جس کے بعد پاکستان ٹیم سیمی فائنل کے لیے اہم کھلاڑی سے محروم ہوگئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی ڈیو ٹی کے دوران انجرڈ ہونے والے کھلاڑی کا حکومت اور فیڈریشن نے تاحال علاج شروع نہیں کرایا جب کہ صدر ہاکی فیڈریشن طارق بگٹی نے چین میں موجودگی کے دوران ابوبکر کو کہیں سے بھی علاج کرانے کا وعدہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے ویڈیو کال پر علاج کی یقین دہانی کرائی تاہم وطن واپسی پر نائب کپتان ابوبکر کے علاج کا کسی نے بندو بست نہ کیا، فیڈریشن نے فنڈز نہ ہونے کا بتایا اور کہا کہ علاج خود کرانا شروع کریں جیسے ہی فنڈز آئیں گے ادائیگی کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ابوبکر سرجری بیرون ملک کرانے کی خواہش مند ہیں تاکہ ری ہیب بھی مناسب ہو سکے اور وہ بروقت فٹ ہو سکیں، اس کے لیے ان کے پاس لاکھوں روپے بھی نہیں اور ادائیگی پر بھی کوئی یقین نہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بروقت سرجری نہ ہونے کی وجہ سے انجری کے پیچیدہ ہونے کا خدشہ ہے جس سے ابوبکر کی پریشانیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے کہا کہ ابو بکر کا مکمل خیال رکھا جائے گا، ابوبکر کا چیک اپ بھی کرا رہے ہیں، بیرون ملک بھیجنا پڑا تو بھیجیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیڈریشن کے صدر کی جانب سے وزیراعظم کو ابوبکر کے علاج کے لیے خط لکھا ہے، وزیراعظم سے علاج کے لیے فنڈز کا کہا گیا ہے، امید ہے جلد اس حوالے سے پیش رفت ہوگی۔