Time 01 اکتوبر ، 2024
کھیل

سچن ٹنڈولکر کی ایک بار پھر کرکٹ میں واپسی، جلد میدان میں کھیلتے نظر آئیں گے

سچن ٹنڈولکر کی ایک بار پھر کرکٹ میں واپسی، جلد میدان میں کھیلتے نظر آئیں گے
ریٹائرمنٹ کے بعد سچن کئی نمائشی اور چیریٹی میچز میں بھی ایکشن میں نظر آئے—فوٹو: فائل

بھارت کے سابق لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر کے فینز کے لیے ایک اچھی خبر سامنے آئی ہے کہ وہ ٹنڈولکر کو ایک بار پھر کرکٹ کے میدان میں ایکشن میں دیکھیں گے۔

جی ہاں! کرکٹ میں کئی ریکارڈز توڑنے والے سچن ٹنڈولکر ایک بار پھر میدان میں بیٹنگ کرتے نظر آئیں گے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 11 سال قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے سچن ٹنڈولکر رواں سال نومبر میں شروع ہونے والی انٹرنیشنل ماسٹر لیگ( آئی ایم ایل) میں حصہ لیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ پر ہوگا جس میں بھارت، آسٹریلیا، جنوبی افریقا، ویسٹ انڈیز، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہوں گی، ان ممالک کے لیجنڈ کرکٹرز پر مشتمل ٹیمز ہوں گی۔   

اگرچہ ٹورنامنٹ کے حتمی شیڈول کا اعلان نہیں ہوا لیکن ٹورنامنٹ کے میچز ممکنہ طور پر ممبئی، لکھنؤ اور رائے پور میں کھیلیں جائیں گے۔

یہ  ٹی ٹوئنٹی ایونٹ شائقین کو اپنے پرانے پسندیدہ کھلاڑیوں کو ایک بار پھر ایکشن میں دیکھنے کا موقع فراہم کرے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سچن ٹنڈولکر نے اس لیگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ  کرکٹ نہ صرف بھارت میں بلکہ پوری دنیا میں تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ نے شائقین کے جوش و خروش میں اضافہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑی کبھی دل سے ریٹائر نہیں ہوتے  اور ہم اسی جذبے کے ساتھ آئی ایم ایل میں ایکشن میں حصہ لیں گے۔

واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز اور سنچریاں بنانے والے سچن ٹنڈولکر نے 2013 میں کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا۔

ریٹائرمنٹ کے بعد سچن کئی نمائشی اور چیریٹی میچز میں بھی ایکشن میں نظر آئے۔  

مزید خبریں :