02 اکتوبر ، 2024
ایران کی جانب سے کیے گئے میزائل حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کے ہاتھوں کو کانپتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
گزشتہ روز ایران نے اسرائیل پر 200 کے قریب میزائلوں سے حملہ کیا، ایران نے اسرائیل کی مختلف ائیر بیسز اور موساد کے ہیڈ کوارٹر سمیت مختلف اہداف کو نشانہ بنایا۔
ایران کی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم نے حسن نصر اللہ اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا بدلہ لے لیا ہے، ہمارے 90 فیصد میزائلوں نے کامیابی سے اہداف کو نشانہ بنایا جبکہ ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ خامنہ ای نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کا اگلا حملہ اس سے بھی زیادہ تباہ کن ہو گا۔
ایران کے حملے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس اصول پر قائم ہیں کہ جو بھی ہم پر حملہ کرے گا ہم اس پر حملہ کر دیں گے۔
اب ایران کے سرکاری میڈیا کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں سے چند سیکنڈ کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس کے کیپشن میں لکھا گیا ہے اسرائیلی وزیراعظم ایران کے بڑے حملے کے بعد ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی وزیراعظم کے ہاتھ کانپنے کی ویڈیو میڈیا منظر عام پر لے آیا۔