Time 02 اکتوبر ، 2024
دنیا

اسرائیل پر حملے کا حکم دیتے ہوئے پاسداران انقلاب کے سربراہ کی ویڈیو سامنے آگئی

گزشتہ روز اسرائیل پر میزائل حملوں کا حکم دیتے ہوئے ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ کی ویڈیو سامنے آگئی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی فون پر پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے سربراہ جنرل حاجی زادے کو میزائل داغنے کا حکم دے رہے ہیں۔

جنرل حسین سلامی نے کہا کہ یہ حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصر اللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔

بعد ازاں جنرل سلامی فون پر ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بات کرتے ہوئے بھی نظر آرہے ہیں۔

خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ روز اسرائیل پر 190 بیسلٹک میزائل فائر کیے تھے اور اس حوالے سے ایران کے پاسداران انقلاب کا دعویٰ ہے کہ 90 فیصد میزائل نے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کی جانب سے فائر کیے گئے زیادہ تر میزائلوں کو امریکا کی مدد سے ناکام بنا دیا، کچھ میزائل زمین پر گرے تاہم ان میں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ایران کی جانب سے حملے کے بعد صدر مسعود پزشکیان نے اپنے بیان میں کہا کہ صیہونی ریاست کی جارحیت کے خلاف فیصلہ کن جواب دیا گیا ہے جبکہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اسرائیل پر اگلا حملہ اس سے بھی کہیں زیادہ تکلیف دہ ہوگا۔


مزید خبریں :