Time 02 اکتوبر ، 2024
پاکستان

جیسے ہی عدلیہ اصلاحات ججز کے علم میں آئی، سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں پر فیصلہ آگیا: بلاول

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جیسے ہی عدلیہ اصلاحات ججز کے علم میں آئی، سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں پر فیصلہ آگیا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو میں بلاول کا کہنا تھاکہ آئینی ترامیم کا مسودہ پہلے میرے پاس نہیں آیا بلکہ پہلے وزیر قانون نے سپریم کورٹ میں جا کر ججوں کو بتایا کہ ہم آئینی ترامیم کے ذریعے عدلیہ کی ریفارمز لا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ججز کو بتانے کے بعد سپریم کورٹ کا مخصوص نشستوں پر فیصلہ آگیا اور ہمارے نمبرز جو پورے تھے انہیں کم کر دیا گیا۔

ان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ جوڈیشل ریفارمز میں براہ راست عدالتی مداخلت تھی جب بات عدالت کی طاقت کم کرنے کی آئی تو عدلیہ کا ادارہ اکٹھا ہو گیا۔

قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو میں پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ عدلیہ نے جو کیا اس کی ٹائمنگ پر بات کیوں نہیں ہو رہی جس طرح مخصوص نشستوں پر حکم امتناعی جاری کیا گیا اس کی ٹائمنگ پر بات کیوں نہیں؟

انہوں نے کہا کہ 14 ستمبر کو پارلیمنٹ کا اجلاس ہونا تھا، اُس وقت ہفتے کے دن ججز کی 4 صفحات کی وضاحت کی ٹائمنگ پر کیوں سوال نہیں کیا جاتا؟ آئینی عدالت کے سربراہ کی مدت 3 سال ہوگی۔

مزید خبریں :