03 اکتوبر ، 2024
بالی وڈ کی خوبرو جوڑی رتیش دیش مکھ اور جینیلیا ڈی سوزا نے شادی سے قبل ہونے والے ایک یادگار قصے کا تذکرہ کیا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران جینیلیا نے اپنی زندگی کے یادگار میسج کے بارے میں بتایا جس نے اداکارہ کو ڈپریشن میں مبتلا کردیا تھا۔
جینیلیا ڈی سوزا نے بتایا کہ یہ اس وقت کی بات ہے جب ہم ایک دوسرے کو ڈیٹ کررہے تھے اور یکم اپریل یعنی اپریل فول کا دن تھا جب رتیش نے مجھے ایک پیغام بھیجا کہ بس اب بہت ہوگیا، رشتے کو ختم کرتے ہیں، یہ میسج کرکے وہ سوگیا۔
اداکارہ نے کہا کہ رتیش ان دنوں دیر سے سویا کرتا تھا جب کہ میں جلدی سوجاتی تھی لیکن اس رات اس نے مجھے یہ میسج ایک بجے کے قریب بھیجا اور میسج کرکے سوگیا، میں نے میسج رات 2:30 بجے پڑھا جس کے بعد میں ڈپریشن میں مبتلا ہوگئی۔
جینیلیا نے کہا کہ میں کئی گھنٹوں تک سوچتی رہی کہ ایسا کیا ہوگیا یا میں نے کیا غلطی کردی؟ ساری رات میری پریشانی میں گزری ، رتیش صبح 9 بج کر 30 منٹ پر اٹھا اور دلچسپ بات یہ کہ اسے رات کیا گیا میسج یاد ہی نہیں تھا، اس نے اٹھتے ہی مجھے فون کیا تو میں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں بات کرنی چاہیے، میں تم سے بات نہیں کرنا چاہتی۔
اداکارہ کے مطابق رتیش نے یہ سنتے ہی کہا کہ کیوں کیا ہوا؟ ایسا کیا ہوگیا؟ جس پر میں نے کہا کہ تم ایسے برتاؤ کیوں کررہے ہو جیسے کچھ ہوا ہی نہیں؟ جب رتیش کو میسج کے بارے میں یاد کروایا تو اس نے وضاحت پیش کی کہ وہ تو صرف مذاق اور ایک پرینک تھا۔
جینیلیا نے بتایاکہ میں نے رتیش پر شدید غصہ کیا کہ ایسا مذاق کون کرتا ہے؟
واضح رہے کہ رتیش اور جینیلیا کی شادی 3 فروری 2012 میں ہوئی تھی اور دونوں کے دو بیٹے ہیں۔